کورونا کا زور برقرار، جاں بحق افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی، 8348 وبا سے متاثر

Last Updated On 19 April,2020 10:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں اب تک 98522 افراد کا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7847افراد کا طبی معائنہ کیا گیا، 9 اموات ہوئیں جبکہ 355 نئے کیس سامنے آئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 168 تک جا پہنچی ہے جبکہ 8348 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔ صوبہ پنجاب میں 3822، صوبہ سندھ میں 2537، صوبہ بلوچستان میں 376، خیبر پختونخوا میں 1137، اسلام آباد میں 171، آزاد کشمیر میں 48 جبکہ گلگت بلتستان میں 257 کنفرم مریض ہیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 56، صوبہ پنجاب میں 42، اسلام آباد میں 2، بلوچستان میں 5، خیبر پختونخوا میں 60، گلگت بلتستان میں 3 اموات اب تک سامنے آ چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں ہلاکت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

صوبہ پنجاب کی صورتحال

پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3822 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس سے صوبے میں اب تک 42 افراد زندگی کی باز ہار چکے ہیں، 702 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 17 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ عوام سے درخواست ہے حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں اور متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

صوبہ سندھ کی صورتحال

صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی دوران 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے، اس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 56 تک پہنچ چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 33 متاثرین صحتیاب ہوکر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال

خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 60 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 10 اموات ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 168 تک پہنچ چکی ہے۔ پشاور اور سوات میں 4، 4 جبکہ ابیٹ آباد اور مردان میں ایک، ایک موت رپورٹ ہوئی۔ صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد 1137 جبکہ صوبے میں اموات 60 ہو گئی ہیں۔

اسلام آباد کی صورتحال

اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 171 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ایک موت بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان کی صورتحال

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 257 ہو چکی ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 584 ہوگئی

لاہور میں مزید دو مریض موذی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد تعداد 584 تک پہنچ چکی ہے۔ دریں اثنا پنجاب میں مزید نئے کیس سامنے آنے کے بعد تعدا د 3822 ہو گئی ہے۔ اب تک کل 41 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ 702 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی لوٹ چکے ہیں۔ 701 زائرین سینٹرز، 1531 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 94 قیدیوں، 1360 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاہور میں کورونا وائرس کے 584 کنفرم مریض ہیں۔ کیمپ جیل لاہور میں 59، سیالکوٹ 14، گوجرانوالہ 7 اور ڈی جی خان میں 9 قیدی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ ڈی جی خان میں 221 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 23 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ شیخوپورہ میں آٹھ، منڈی بہاؤلدین میں 17، سرگودھا میں 145، میانوالی 7، راولپنڈی 6، جہلم میں 41، ننکانہ میں 26 تبلیغی ارکان میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ عام شہریوں میں ننکانہ ایک، قصور 10، شیخوپورہ 13، جہلم میں 33، راولپنڈی میں 157، سیالکوٹ 56، گوجرانوالہ میں 64 شہریوں میں کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

کورونا کے مزید 29 مریض صحتیاب ہو گئے

میو ہسپتال اور پی کے ایل آئی میں مزید کورونا کے 29 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔ لاہور میں مجموعی طور پر کورونا کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 206 ہو گئی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اس حوالے سے کہتی ہیں صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر 54 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ان کا مزید بتانا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 680 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کا بڑی تعداد میں صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جانا انتہائی خوش آئند ہے۔ عوام کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملد رآمد کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔

میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا 70 سالہ مریض دم توڑ گیا

موذی وائرس نے ایک اور جان لے لی، میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا 70 سالہ معمر شخص دم توڑ گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ گلزار کالونی شاہدرہ کا رہائشی 7 روز سے شدید بخار میں مبتلا تھا۔ پروفیسر اسد اسلم کا بتانا تھا کہ مریض کو 7 روز تک شدید بخار کی حالت میں گھر میں رکھا گیا، سی ای او میو ہسپتال کا مزید بتانا تھا مریض کو حالت تشویش ناک ہونے پر ہسپتال لایا گیا۔

لاہور: ایک ہی گھر کے 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، قرنطینہ منتقل

لاہور کے علاقے شاد باغ میں ایک ہی گھر کے سات افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے انھیں قرنطینہ منتقل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فیملی نے نجی لیب سے ٹیسٹ کروائے تھے، کورونا کا شکار ہونے والے مریضوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد 582 ہو گئی، ایکسپو سینٹر میں 209، میو ہسپتال میں 118، پی کے ایل آئی میں 23 کنفرم مریض زیرعلاج ہیں، سروسز میں 13، چلڈرن ہسپتال میں 6، جنرل میں 3، جناح ہسپتال میں 5 مریض زیر نگرانی ہیں۔ گورنمنٹ مزنگ ہسپتال میں 7 مریض زیر علاج ، صوبہ بھر میں 91نئے کیس آنے پر تعداد 3ہزار 504تک جا پہنچی۔701 زائرین سنٹرز، 1374 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 91 قیدیوں، 1338 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گوجرانوالہ 63، سیالکوٹ 56، نارووال 8، گجرات میں 149 شہریوں میں تصدیق ہو چکی ہے۔

پی آئی سی میں مزید 9 ہیلتھ پروفیشنلز میں کورونا کی تصدیق

فرنٹ لائن سپاہی بھی کورونا کی زد میں آگئے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مزید 9 ہیلتھ پروفیشنلز میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں ایک ڈاکٹر، تین نرسز اور پانچ پیرا میڈیکس عملہ کے ارکان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پی آئی سی میں کورونا میں مبتلا عملہ کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ سی ای او پی آئی سی پروفیسر ثاقب شفیع کے مطابق پی آئی سی میں سرجری کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ تمام تصدیق شدہ ڈاکٹرز قرنطینہ منتقل کر دئیے گئے ہیں، کورونا میں مبتلا ڈاکٹرز اور عملے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کسٹمز انٹیلی جنس کے سپرنٹنڈنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق

کسٹمز انٹیلی جنس کے سپرنٹنڈنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق، سپرنٹنڈنٹ میں تصدیق ہونے کے بعد دیگر سٹاف کے بھی ٹیسٹوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 25 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کے لئے سیمپل لے لئے گئے ہیں جن میں کسٹمز انسپکٹرز اور سپاہیوں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کسٹمز انٹیلی جنس لاہور میں فرائض سرانجام دینے والے دیگر ملازمین کے ٹیسٹ کے لئے سیمپل کل لئے جائیں گے، جن ملازمین کے کورونا ٹیسٹ پاÇزیٹو آئیں گے انہیں قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا جائے گا۔

رائے ونڈ میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی

رائے ونڈ میں لاک ڈاؤن کا 19واں روز، رائے ونڈ اور گرد و نواح کے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں کافی حد تک نرمی کر دی گئی جبکہ گزشتہ روز سے گرفتار افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران زرعی آلات بنانے والی ورکشاپس، ٹریکٹر ورکشاپ سیمنٹ و بجری سٹور، اینٹوں والے بھٹوں کو کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ریڈ زون میں شامل تبلیغی مرکز سمیت دیگر علاقوں میں ابھی تک میڈیکل سٹور سمیت کوئی بھی دکان نہیں کھلی، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے علاوہ حکومت کی طرف سے اجازت ملنے والے کاروبار حکومتی ایس او پیز کے تحت کھول سکتے ہیں، سماجی دوری کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔