سپیکر پنجاب اسمبلی نے تمام جیلوں میں قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی

Last Updated On 23 April,2020 09:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی نے تمام جیلوں میں قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتوں سے آئندہ مالی سال کے بجٹ بارے تجاویز بھی ای میل پر مانگ لی گئی ہیں۔

تفصیل کے مطابق پنجاب کی آل پارٹیز پارلیمانی کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ جیلوں میں تمام قیدیوں کا کورونا ٹیسٹ یقینی بنایا جائے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے ہدایت کی کہ تمام قیدیوں کے ٹیسٹ بارے فوری اقدامات کیے جائیں، اس حوالے سے وزیر قانون راجہ بشارت اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے قرنطینہ سینٹرز کے ڈاکٹرز اور عملے کو پی پی ای حفاظتی کٹس ہر حال میں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ آل پارٹیز پارلیمانی کمیٹی نے بجٹ کے لئے تمام ارکان سے ای میل پر تحریری تجاویز مانگ لیں۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ تمام ایم پی اے اسمبلی سیکرٹریٹ کو اپنی تجاویز ای میل کریں۔ ارکان اسمبلی کی ان تمام تجاویز کو فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھجوایا جائے گا۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے ابتدائی نکات پر اجلاس کو بریف کیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔