کرک: (دنیا نیوز) کرک میں کنویں میں گرکر طالبعلم کے جاں بحق ہونے کے بعد بھی کنویں کو بند نہ کیا گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر کنواں بند نہ کیا گیا تو مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
یوسی صابرآباد کے دور افتادہ علاقہ متوڑ کا رہائشی جنید جو آرمی پبلک اسکول میں ساتویں جماعت کا طالبعلم تھا، کرکٹ کھیلتے ہوئے کنویں میں گر گیا، موقع پر موجود دیگر بچوں کے شورمچانے پر علاقہ مکین جمع ہو گئے۔
ریسکیو ٹیموں اور علاقہ مکینوں نے تین گھنٹے کی کوششوں کی بعد لاش کو کنویں سے نکالا۔ واقعہ پر علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان کے قریب موجود کنواں بند نہ کیا گیا تو مزید نقصان کا خدشہ ہے، انتظامیہ واقعہ کا نوٹس لے اور فوری کنویں بند کرائے۔