اسلام آباد: (ویب ڈٰیسک) ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ کورونا فنڈز سے مستحق افراد کیلئے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم نے ویب پورٹل کا اجرا کیا جس کے ذریعے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے امداد کی فراہمی کیلئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کیٹیگری فور کے ان مستحق افراد کو احساس ایمرجنسی کے بارہ ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کورونا فنڈز سے مستحق افراد کیلئے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہیگا اور امداد فراہم کرنے والے مخیر حضرات کے ہر ایک روپے کے بدلے میں چار روپے حکومت کی جانب سے امدادی فنڈز میں شامل کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس ایمرجنسی کیش فنڈز کی منتقلی کیلئے شفافیت کے موجودہ اصولوں قواعد وضوابط اور اعدادوشمار کے تجزیے کے جن قواعدوضوابط کو مدنظر رکھا گیا، یہی قوانین وزیراعظم کے کورونا فنڈ سے کیٹیگری فور کے مستحق افراد کے چناو کیلئے کار فرما ہوں گے۔