آرمی چیف اور سربراہ ایرانی فوج میں رابطہ، پاک ایران سرحد پر 6 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تشویش

Last Updated On 12 May,2020 11:07 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے ایرانی افواج کے سربراہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، سپہ سالار نے پاک ایران بارڈر پر حالیہ واقعہ میں سیکیورٹی فورسز کے 6 جوانوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، دونوں فوجی سربراہوں میں بارڈر پر سیکیورٹی اقدامات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے، ایران بارڈر پر فینسنگ کا کام شروع کر دیا، دہشت گردوں اور سمگلروں کی نقل و حرکت روکنے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ سرحد پر چوکیوں کو مزید فعال بنانا ہوگا، اس مقصد کے حصول کے لئے مشترکہ تعاون کا فروغ ضروری ہے۔

آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان برابری کی بنیاد پر خطے میں امن و استحکام کے قیام کا خواہاں ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی افواج کے سربراہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
 

Advertisement