راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف نے عید الفطر کنٹرول لائن پر جوانوں کےساتھ منائی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام پیدا کرنے کے نتائج سنگین ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت بدلنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق پوری قوم عید منانے میں مصروف ہیں تو وہیں قومی خوشیوں کے محافظ ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج عید کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول پرمسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر 5 اگست سے غیر انسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی مظالم جاری ہیں۔ بھارت عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ امید ہے عالمی برادری فوجی مبصر گروپ کا مقبوضہ کشمیر آپریشن یقینی بنائے گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے خبردار کیا کہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام پیدا کرنے کے نتائج سنگین ہوں گے۔ پاک فوج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت بدلنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کافوری جواب دینے پرجوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ فروری میں پاک فوج نے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا تھا۔ پاک فوج پورے عزم واستحکام کیساتھ اپنے فرائض جاری رکھے گی۔
سپہ سالار نے جوانوں کے پیشہ ورانہ معیار اور عزم وحوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ عید پر گھروں سے دور فرائض کی ادائیگی قابل فخر ہے۔ آرمی چیف نے ملکی ترقی واستحکام اور کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔