اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشکل مالی صورت حال کے پش نظر وزیراعظم کفایت شعاری کیلئے متحرک ہوگئے۔ عمران خان نے کابینہ ڈویژن کے اخراجات میں کمی کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کے احکامات سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو آگاہ کر دیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا مشکل مالی حالات کے باعث کفایت شعاری مہم کو یقینی بنایا جائے، آئندہ مالی سال میں کابینہ ڈویژن کے ماتحت اداروں کے اخراجات کم سے کم رکھیں، زائد اخراجات میں ہر ممکن حد تک کمی لائے جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ پر نظرثانی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت بجٹ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ محصولات اور اخراجات پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے کہا کورونا کے باعث معیشت کو استحکام دینے کی کوششیں متاثر ہوئیں، روزگار پیدا کرنے والے شعبوں کا فروغ اولین ترجیح ہے۔