لاہور: (محمد حسن رضا سے) وزیراعظم آفس اور ہاؤس کے اخراجات میں 21 فیصد تک ریکارڈ کمی، کفایت شعاری کی مثال قائم کرتے ہوئے تمام 34 وفاقی وزارتوں، 44 ڈویژنوں پر بازی لے گیا، 18 کروڑ 37 لاکھ روپے وزارت خزانہ کو واپس کر دئیے گئے۔
رواں مالی سال کے دوران وزیراعظم آفس و ہاؤس کے عوامی اخراجات 86 کروڑ 29 لاکھ روپے میں سے 67 کروڑ 92 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں اور آئندہ مالی سال 2020-2021 کے بجٹ کے لئے 86 کروڑ روپے کے لگ بھگ فنڈ مختص کئے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے دوران بھی وزیراعظم آفس اور ہاؤس کے اخراجات میں 41 فیصد کمی کی گئی تھی۔
وزیر اعظم آفس، وزارت خزانہ اور دیگر ذرائع سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران وزیراعظم ہاؤس کے لئے مختص 38 کروڑ 90 لاکھ روپے میں سے 33 کروڑ 90 لاکھ روپے خرچ ہوئے جب کہ وزیراعظم آفس کے لئے مختص 47 کروڑ 40 لاکھ روپے میں سے 33 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ وزیراعظم آفس، ہاؤس کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کا وعدہ پورا کیا۔