کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم کا کورونا وائرس مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وباءکا شدت سے پھیلنا انتہائی تشویشناک ہے۔ وفاقی حکومت نے کورونا کے حوالے سے ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل ہی نہیں کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے عوام کے ساتھ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی زندگیوں کی بھی فکر ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے اپنی جان کی بازی ہار رہے ہیں۔
دریں اثناء چیئرمین پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخواہ اسمبلی کے سابق اسپیکر کرامت اللہ چگرمتی کو ٹیلی فون کرکے ان کے بھائی کے انتقال پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔
کرامت اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت کے فیصلے کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے، اس سلسلے میں انسان بے بس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعا بھی کی۔