اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال میں سندھ کے 229 ارب کم کرنا ناانصافی ہے، پنجاب کو بھی پورے پیسے نہیں دیئے گئے، بجٹ میں وفاق ہر صوبے کیلئے کورونا پیکج دیتا، جب سے وبا آئی ہر متنازعہ مسئلہ چھیڑا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف صحت یاب ہو کر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، اے پی سی میں این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت کریں گے، این ایف سی ایوارڈ کے مسئلے پر تمام اپوزیشن ایک مؤقف دے گی۔ انہوں نے کہا بحرانی صورتحال میں حکومت اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے، کورونا شروع ہوتے ہی سیاسی مصروفیات ختم کر دی تھیں، کورونا وائرس پر اپوزیشن نے سیاست نہیں کی، بجٹ ان کے اپنے ایم این اے اور ایم پی ایز کے حلقوں میں کام کیلئے بنایا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا وزیراعظم کرائسز کے وقت بھی سیاست کر رہے ہیں، سندھ کے وزیراعلیٰ سے لے کر وزرا کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پی ٹی آئی حکومت کو اپنی روایت بدلنی چاہیئے، این ایف سی ایوارڈ کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی اپنی روایت بدلے اور سنجیدگی سے چیلنجز کا سامنا کرے۔ ان کا کہنا تھا ریاست پر مشکل وقت آتا ہے تو حکومت اتحاد قائم کرتی ہے، بجٹ میں ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے بھی وسائل نہیں رکھے گئے، کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے صوبوں کی معاونت نہیں کی گئی، 2 سال سے مطالبہ کر رہے ہیں وفاق کو پانی کے منصوبے پر خرچ کرنا چاہیے۔