ترین، اسد عمر اور شاہ محمود کے جھگڑے نے پارٹی کو نقصان پہنچایا: فواد چودھری

Last Updated On 23 June,2020 11:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ آپس کی لڑائی میں سیاسی لوگ آؤٹ، بیورو کریسی ان ہوگئی، ہماری اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے تبدیلی نہیں آئی۔

تفصیل کے مطابق ایک امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں فواد چودھری نے ملکی سیاست کے حوالے سے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے اندرونی جھگڑوں سے حکومت کو نقصان پہنچا ہے۔ عمران خان نے کابینہ سے کہا ہے کہ کارکردگی نہ دکھائی تو چھ ماہ میں معاملات دوسری طرف جا سکتے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر میں ہونے والے جھگڑوں کی وجہ سے سارا سیاسی طبقہ کھیل سے باہر ہو گیا ہے۔ سیاسی خلا ان نئے لوگوں نے پُر کیا جن کا سیاست سے تعلق نہیں تھا۔ مشیر فیصلے کر رہے ہیں اور سیاسی لوگ منہ دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جہانگیر ترین نے اسد عمر کو وزارتِ خزانہ سے فارغ کرایا، اسد عمر دوبارہ واپس آئے تو انہوں نے جہانگیر ترین کو فارغ کرا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوئیں لیکن بات نہیں بن سکی۔
 

Advertisement