سابق وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی آج 67 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

Last Updated On 21 June,2020 12:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی آج 67 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

1988 میں بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں،1998 میں بے نظیر کو جلاوطنی اختیار کرنی پڑی، 2007 میں بے نظیر راولپنڈ ی میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہوئیں۔

سابق وزیراعظم بیںظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں ذوالفقارعلی بھٹو کے گھر پیدا ہوئیں۔ برطانیہ اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ابھی تعلیم مکمل ہی کی تھی کہ ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔ والد کو پھانسی کے بعد بینظیر بھٹو کو نظربندی اور جلاوطنی کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔

1986 میں بینظیر بھٹو وطن واپس آئیں اور 1987 میں آصف علی زرداری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ 1988 میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت برطرف کردی گئی۔ 1993 میں عوام نے انہیں دوسری بار مسند اقتدار پر بٹھایا لیکن 1996 میں ایک مرتبہ پھر انکی حکومت ختم کردی گئی اور 1998 میں بی بی کو جلاوطنی اختیار کرنی پڑی۔

بینظیر بھٹو 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس پہنچیں تو کراچی میں ان کے قافلے پر خودکش حملہ ہوگیا جس میں وہ بال بال بچیں تاہم 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پہلے حملے کے ٹھیک 2 ماہ 9 دن بعد 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ان پر دوسرا حملہ ہوا جس میں بی بی جانبر نہ ہوسکیں اور اپنی جان، جاں آفریں کے سپرد کر گئیں۔