اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارے وزیراعظم کو لیکچر دینے کا شوق ہے، وہ ٹی وی یا پارلیمنٹ میں جواب نہیں دیں گے، میں انھیں مباحثے کا چلینج کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ سب سے کم شرح نمو موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ کورونا سے پہلے ہی نیگیٹو گروتھ میں تھی۔ اس لیے ہم کہتے ہیں کہ آپ کورونا کے پیچھے چھپ رہے ہو۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں سب سے کامیاب پالیسی فارن پالیسی ہے۔ اگر بھارت کو برا کہا جا رہا ہے تو بھارت اقوام متحدہ کا غیر مستقل رکن کیسے بن گیا؟ آپ واحد وزیراعظم ہو جس نے نریندر مودی کی انتخابی مہم چلائی۔ الیکشن کے دنوں کہا مودی کامیاب ہوگا تو مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا۔
کورونا وائرس کی صورتحال بارے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جس تیزی سے بیماری پھیل رہی ہے، اس بارے کارگل جنگ کی طرح کا کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ ہماری ریاست اس وقت کارگل جنگ کو ماننے کو تیار نہیں تھی۔ اگر وزیراعظم جمہوری طریقے سے منتخب ہوتے تو عوام کی فکر کرتے۔ یہ منتخب نہیں ‘سلیکٹڈ’ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہو کہ ہم وبا کے مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ اگر آپ تیار ہیں تو ڈاکٹرز اور نرسز کیوں رو رہے ہیں۔ یہ سب کچھ وزیراعظم کی انا کی وجہ سے ہوا۔ جتنے لوگ مریں گے، اتنا ہی معیشت کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وبا کی پاکستان آمد کے پہلے دو ہفتوں میں جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے تھا۔ ان کی نالائقی کی وجہ سے تیزی سے بیماری پھیل رہی ہے۔ دوسری طرف اس وقت صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ اور عوام سب سے زیادہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس پہلے دن سے کوئی پلان نہیں، اگر ہم ڈبلیو ایچ او کی ہدایت پر عمل کرتے تو ہمارا صحت کا نظام برداشت کر لیتا۔