سی پیک منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 03 July,2020 06:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔ پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر کامرس عبدالرزاق داؤد، وفاقی وزرا عمر ایوب اور خسرو بختیار شریک تھے۔

اجلاس میں سی پیک منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھیں جاری منصوبوں کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ہماری سماجی اور معاشی ترقی کے حوالے سے ایک بہترین منصوبہ ہے۔

عمران خان نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا اس ادارے کی کارکردگی اور استطاعت کو مزید موثر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔
 

Advertisement