کراچی: (دنیا نیوز) ملیر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا اور شارع فیصل سمیت دیگر علاقوں میں ابررحمت برسا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برسات کا سلسلہ 8 جولائی کی صبح تک جاری رہے گا۔
شہر میں دوپہر تک پارہ چالیس ڈگری تک جا پہنچا تھا جس کے بعد گلشن حدید سے بادلوں نے انٹری دی۔ کالی گھٹا چھائی اور بارش شروع ہوگئی۔ ملیر، شاہ فیصل کالونی، فیڈرل بی ایریا، شارع فیصل، لائنز ایریا، محمود آباد ایئرپورٹ، ملت ٹاؤن، لانڈھی کورنگی، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔
دوسری جانب شہریوں کو برسات کی خوشی کے الیکٹرک نے خراب کر دی۔ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے اکثریتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شہر قائد میں بارش کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے قبل سسٹم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ زیر آب آنے والے علاقوں میں فوری نکاسی کا کام کرے۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی شکایت کیلئے 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کے الیکٹرک کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔