سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، ضلع پلواما میں مزید ایک کشمیری شہید کر دیا گیا۔ شہید برہان وانی کی یوم شہادت پر کل پوری وادی میں مکمل ہڑتال ہو گی۔
جنت نظیر وادی میں بھارتی بربریت نہ رک سکی، ضلع پلواما کے گاؤں گوسو میں نوجوان کو سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کر دیا گیا، علاقے کی ناکہ بندی کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید برہان وانی کی یوم شہادت پر کل پوری وادی میں مکمل ہڑتال ہو گی، حریت کانفرنس نے اپنے پیغام میں کہا ہے لوگ 8 جولائی کو شہدا کے خاندان سے مل کر انہیں خراج ِعقیدت پیش کریں۔
نوجوانوں کی تنظیم وارثین شہدا نے برہان وانی کے آبائی شہر ترال کی جانب مارچ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، کمانڈر برہان مظفر وانی نے اپنے دوساتھیوں کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو جامِ شہادت نوش کیا، ان کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی۔
لاکھوں کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کے لیے مظاہروں میں حصہ لیا، 8 جولائی 2016 سے 30 جون 2020 تک بھارتی فوج نے 1231 کشمیری شہید کر دیئے، 83 افراد کو زیر حراست تشدد کر کے شہید کیا گیا۔ پرامن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 29 ہزار 66 افراد زخمی ہوئے۔ غاصب فوج کے پیلٹ گن کے کارتوس چلانے سے 11 ہزار 50 نوجوان شدید زخمی ہوئے اور 25 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔