اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر میں پیش ہوکر بیرون ملک جائیداد سے متعلق تفصیلات پیش کردیں۔ اپنے جواب میں کہا کہ برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے شوہر کا کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کو کراچی میں فروخت کردہ املاک کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔ کراچی کلفٹن میں خریدی گئی پراپرٹی اور اس پر جمع کرایا گیا ٹیکس ریکارڈ، والد کی جانب سے تحفے میں ملنے والی زرعی زمین، ڈیرہ مراد جمالی اور نصیر آباد کی زرعی زمین کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔
اہلیہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے موقف اختیار کیا کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک کے اکائونٹ سے تقریبا 7 لاکھ پائونڈ بھجوائے۔ برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے ان شوہر کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے لندن کی جائیدادوں سے ملنے والے کرائے کی تفصیلات بھی جمع کرادیں۔ بتایا کہ مرکزی بنک کے پاس ان کی تمام بنک ٹرانزیکشن کی تفصیلات موجود ہیں۔