لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بعض مقامات بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔
مون سون نے پھررنگ جما دیا، بیشتر شہروں میں موسم سہانا، لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سورج نکل آیا تاہم شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہلکی ہلکی ہوا نے بھی حبس کا زور توڑ دیا ہے۔
مریدکے، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل خوب برسے جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی آسمان سے برستے پانی نے موسم دلکش بنا دیا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34، سری نگر 29 اور لیہہ میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
اتوار سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان میں کہی کہی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اس دوران بالائی پنجاب (راولپنڈی، سرگودھا، فیصلہ آباد، اور لاہور) کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ اتوار اور پیر کے روز بلوچستان کے مشرقی علاقوں سبی، ژوب، موسیٰ خیل میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی علاقے سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 12 سے 16 جولائی کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔