اسلام آباد/ کابل: (دنیا نیوز) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلی فون کرکے افغان امن عمل کے آخری مرحلے پر بات چیت کی ہے۔
افغان صدر نے وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی جبکہ دوران گفتگو کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے افغانستان میں کورونا کے باعث اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے افغان حکومت کورونا وبا پر جلد قابو پا لے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اپنی حکومت کی پالیسی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان میں وبا سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ روزگار محفوظ بنانے اور معاشی سرگرمیوں کے جاری رہنے پر توجہ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے آخری مرحلے پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ افغانستان میں امن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ امن عمل میں تیزی سے امریکا، طالبان امن معاہدے پر عملدرآمد میں تیزی آئے گی۔ افغان دھڑوں کے درمیان گفتگو کا عمل بھی جلد شروع ہونے کی امید ہے۔