لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو قرضوں کے دلدل میں پھنسادیا، بتایا جائے راوی منصوبےکے لیے 5 ہزار ارب کہاں سے آئیں گے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کل حکومت نے 5 ہزارارب روپےکے راوی اربن پراجیکٹ کی تختی لگادی، سوال یہ ہےکہ یونیورسٹیز کے لیے 10 ارب روپے نہیں، 5 ہزار ارب کہاں سے آئیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دیامربھاشاڈیم کے لیے28 ارب درکارہیں اور حکومت نے16 ارب روپے رکھے ہیں، حکومت کے پاس تو ہائر ایجوکیشن کو دینے کے لیےکچھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی منصوبوں کے لیے رقوم فراہم نہیں کر رہی، راوی فرنٹ منصوبے کے لیے اربوں روپے کہاں ہیں؟حکومت عوام کو دکھانے کے لیے ہوائی قلعے بنا رہی ہے۔
سیکرٹری جنرل ن لیگ کا کہنا تھا کہ کیا آپ لوگوں کو بے وقوف سمجھتےہیں؟ بجلی ، گیس مہنگی کرکے اور تنخواہوں میں کٹوتی کرکے آپ خوشحالی نہیں لاسکتے اور نہ ہی حکومت کا اچھا تاثر ابھار سکتے ہیں۔
احسن اقبال کاکہنا تھا کہ آٹے اور چینی کا بحران کس کی نالائقی ہے؟ اصل میں آپ کو ملکی مسائل کا ادراک ہی نہیں تھا،کبھی ایسانہیں ہواکہ گندم مارکیٹ میں آتےہی آٹےکابحران پیدا ہو، مسلم لیگ ن 22 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اعتماد کے بدترین بحران کا سامنا ہے، سرمایہ کار آپ کی پالیسیوں پر بھروسہ نہیں کررہے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق قانون سازی پر آپ کی چوری پکڑی گئی،حکومت ایف اےٹی ایف کی آڑ میں کالے قوانین نافذ کرناچاہتی تھی۔