اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ نے مریم نواز شریف کی نیب پیشی کے دوران پیش آنے والے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کو سامنے رکھ کر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔
قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی جانب سے توجہ دلانے اور واقعے پر مذمتی بیان کے بعد اپنے ردعمل میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیشیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن کبھی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا، اس کی تحقیقات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو عدالت میں موقف پیش کرنا چاہیے، ایسی احمقانہ حرکت کوئی بھی کر سکتا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
خیال رہے کہ مریم نواز شریف کی پیشی کے دوران لیگی کارکنوں اور پولیس کے درمیان سخت تصادم دیکھنے میں آیا ہے۔ مریم نواز نے کارکنوں پر تشدد کو ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے مریم نواز ہی کو واقعے کی ماسٹر مائنڈ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔ ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔