اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہر ملک کو اپنا مفاد عزیز ہوتا ہے، ہم پاکستان کے مفاد کو تقویت دیں گے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہسعودی عرب بڑا قریبی برادر ملک ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، تعلقات کو شکوک وشہبات کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی مختلف وجوہات ہیں۔ کورونا وائرس نے دنیا کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔ تاہم بھارت کی نسبت پاکستان کے حالات بہتر ہیں۔ سابق حکومت کی پالیسیاں بڑے لوگوں کے لیے ہوتی تھیں۔ وزیراعظم کا دل صرف نعروں کی حد تک غریبوں کے لیے نہیں دھڑکتا، وہ ان کیلئے عملی طور پر کام کر رہے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ سابق حکومت نے ایکسچنیج ریٹ کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھا تھا۔ یہی وجہ تھی پاکستان کو 20 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔ سابق حکومت نے جھوٹی تسلی سے عوام اور ملک کو نقصان پہنچایا۔
مریم نواز شریف کی نیب پیشی پر ہونے والے واقعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اپنے کیے پر نادم ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کو لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غریب دال روٹی کو ترس رہے ہیں اور انہوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن کہا تھا کہ جب حساب لیا جائے گا تو یہ سب اکٹھے ہونگے کیونکہ ان کا مقصد اپنی دولت بچانا ہے۔