لاہور: (ویب ڈیسک) آج اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا، جس کا مقصد ملک کے لئے مذہبی اقلیتوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
یہ دن منانے کا مقصد پاکستان کے قیام اور قومی تعمیر میں اقلیتوں کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اقلیتی برادری کے ارکان کی طرف سے ملک بھر میں سیمیناروں اور سماجی اجتماعات سمیت مختلف پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ تمام تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معاشرے میں برداشت ،سماجی مساوات اور بھائی چارے کے جذبے کو برقرار رکھے۔
انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ اس دن ہم سب اعادہ کرتے ہیں کہ انفرادی طور پر پاکستانی شہری اپنے ساتھی ہم وطنوں کا خیال رکھنے کے فرض کو پورا کریں گے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں بسنے والے تمام طبقات سے یکساں سلوک اور احترام کیا جائے گا تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس دن کی بے حداہمیت ہے کیونکہ پوری قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی طرف سے 11 اگست1947ء کو آئین ساز اسمبلی میں کئے جانے والے اس وعدے کے ساتھ اپنی پاسداری کا اعادہ کرتی ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کاتحفظ کیا جائے گا۔