خیبر: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے احساس نشوونما پروگرام کا باقاعدہ اجرا کر دیا، معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس نشوونما پروگرام پر بریفنگ دی۔ گورنرشاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وفاقی وزیر نورالحق قادری بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔
احساس نشوونما ملکی تاریخ میں سٹنٹنگ کی روک تھام کا پہلا حکومتی پروگرام ہے، 3 سالہ نشوونما پروگرام کا بجٹ 8 ارب 52 کروڑ روپے ہے، مستحقین کو صحت بخش غذا کی فراہمی کے ساتھ سہ ماہی نشوونما وظیفہ بھی دیا جائے گا، بچیوں کیلئے 2 ہزار روپے جبکہ بچوں کیلئے 1500 روپے سہ ماہی وظیفہ ہوگا۔ نشوونما پروگرام کے پہلے مرحلے میں 9 اضلاع میں 33 نشوونما مراکز قائم کیے جا رہے ہیں، ان اضلاع میں خیبر، اپر دیر، باغ، غذر، ہنزہ، خارمنگ، خاران، بدین اور راجن پور شامل ہیں۔
سٹنٹنگ کی بیماری کی شرح کے لحاظ سے پاکستان خطے میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان میں 40 فیصد بچے غذائی قلت اور دیگر وجوہات کی بنا پر سٹنٹنگ کا شکار ہیں۔