اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن سے پورے خطے میں امن واستحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کے امن واستحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کے انعقاد سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے پورے خطے میں امن واستحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔