اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام فریقوں پر بین الافغان مذاکرات شروع کرانے کیلئے باقی ماندہ امور کا حل یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلا تاخیر بین الافغان مذاکرات شروع کرانے کیلئے باقی ماندہ امور کا حل یقینی بنائیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس تاریخی موقع کی اہمیت کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل کو اس نہج تک لانے میں ہماری اجتماعی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔
Our collective efforts have so far succeeded in advancing Afghan peace process to current unprecedented point. All stakeholders must ensure residual issues resolved to commence Intra-Afghan negotiations w/out delay. The imp of seizing this historic opp cannot be stressed enough.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) August 16, 2020
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں قیام امن سے پورے خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہوگی، وزیر خارجہ
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ افغانستان میں قیام امن سے پورے خطے میں امن واستحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق سے ملاقات کے دوران کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کے امن واستحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات کے انعقاد سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے پورے خطے میں امن واستحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔