اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اور قومی اسمبلی میں سربراہ نیشنل پارٹی میر حاصل بزنجو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا میر حاصل بزنجو کے ساتھ قریبی تعلق تھا، حاصل بزنجو نے ساری عمر جمہوریت کیلئے جدوجہد کی، میر حاصل بزنجو عدم تشدد، معتدل مزاج کے رہنما تھے، حاصل بزنجو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کے احترام اور ان کی یاد میں قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا میر حاصل بزنجو کیساتھ جمہوریت کی کشتی میں رہے، میر حاصل بزنجو مستقل مزاج اور حق کی بات کرتے تھے، حاصل بزنجو نے کبھی پیسے، ریاستی طاقت کا سہارا نہیں لیا، میر حاصل بزنجو کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، حاصل بزنجو ہمیشہ جمہوریت کے حق، آمریت کیخلاف کھڑے رہے، حاصل بزنجو آخری دم تک اپنی سوچ اور نظریے پر قائم رہے۔