جعلی بینک اکائونٹس کیس کے ملزم انورمجید کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری

Published On 25 August,2020 01:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکائونٹس کیس کے ملزم انورمجید کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے۔

جسٹس مشیرعالم اورجسٹس قاضی امین پرمشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ انورمجید کے وکیل منیراے ملک نے دلائل دیئے کہ سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ بیرون ملک علاج کی اجازت دینے کا قانون میں تصورنہیں۔ انور مجید کا آپریشن بیرون ملک ہی ہوسکتا ہے۔ جو سرجری انور مجید کی ہونی ہے وہ پاکستان میں زیادہ کامیاب نہیں۔

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ انور مجید بیرون ملک علاج کے لیے جانا چاہتے ہیں، بدقسمتی سے بیرون ملک علاج کے حوالے سے ماضی کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔ اللہ انور مجید کو صحت دے۔ عدالت نے سماعت آئندہ 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔