لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا گجرپورہ موٹروے زیادتی کیس پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں، مجھے امید ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ کیس منظقی انجام تک پہنچ جائے گا۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا محکمہ داخلہ، پولیس، فرانزک سائنس ایجنسی سمیت تمام ادارے گزشتہ دو دن سے تحقیقات میں مصروف ہیں، درندہ صفت شیطان مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے، میڈیا اور حکومتی ترجمانوں سے گزارش ہے کہ غلط معلومات کی ترسیل سے اجتناب کریں، صرف وزیر اعلیٰ، وزیرِ اطلاعات، وزیر قانون، آئی جی پنجاب اور محکمہ داخلہ کی جانب سے آنے والے خبر ہی مصدقہ ہوگی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی ممبران اس واقعے پر اپنی طرف سے کوئی پالیسی بیان جاری نہ کریں، صوبائی حکومت کا واحد ترجمان صرف وزیر اطلاعات ہوتا ہے، پوری قوم پر امید رہے، بزدار حکومت ملزمان کی گرفتاری کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، انشاء اللہ بہت جلد ان شیطان صفت ملزمان کو قانون کے ذریعے نشان عبرت بنائیں گے۔