وزیراعظم نے لاہور میں ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Published On 15 September,2020 04:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس منصوبے سے عوام نیا پاکستان دیکھ سکتے ہیں۔ تاہم یہ منصوبہ آسان نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راوی ریور منصوبہ آسان نہیں بلکہ بڑا مشکل ہے۔ نیا شہر بنانے میں رکاوٹیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ راوی ریور منصوبے کی لاہور کو ضرورت ہے کیونکہ شہر کی چالیس فیصد کچی آبادی ہے۔ ان میں رہنے والوں کا کبھی کسی نے سوچا ہی نہیں، سارے فیصلے چھوٹے سے طبقے کے لیے کیے جاتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران مجھے اٹلی اور سپین کی طرح لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا گیا۔ جب میں نے پوچھا کہ کچی آبادیوں والوں کا کیا ہوگا؟ تو کسی نے جواب نہ دیا۔ چھوٹا سا طبقہ کورونا کے دوران صرف اپنا سوچ رہا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کدھر ہے نیا پاکستان؟ نئے پاکستان میں پہلی بار غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے گئے۔ کبھی کسی نے سڑکوں پر سونے والوں کیلئے نہیں سوچا تھا۔ ہم نے ان کیلئے پناہ گاہیں بنائیں جن کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ پہلے روٹی، کپڑا اور مکان ایک نعرہ تھا لیکن آج پہلی بار غریبوں کیلئے مکان بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ راوی ریور منصوبے میں نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے۔

سابق حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کی ترجیح راوی ریور منصوبہ نہیں بلکہ دولت بنانا تھا۔ ملک کو مقروض کرکے چلے گئے تو مشکلات تو آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں صاف پانی کا مسئلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ لاہور کا سارا سیوریج دریائے راوی میں آتا ہے۔ راوی کے پانی میں آرسینک ہے جس سے ہیپاٹائٹس کا مرض بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ریور راوی منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، کوئی بھی مسئلہ ہوگا تو وفاق بھرپور مدد کرے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پودا بھی لگایا۔ قبل ازیں ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔

 

Advertisement