کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، بھارتی سینئر سفارتکار دفترخارجہ طلب

Published On 25 September,2020 02:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا، 24 ستمبر کو بھارتی فائرنگ سے دو شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق بھارت کنٹرول لائن پر جان بوجھ کر سول آبادیوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہا ہے جو انسانی حقوق سے متعلق عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ رواں برس بھارت نے 2340 مرتبہ سیز فائز کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 18 شہری شہید اور187 شدید زخمی ہوئے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی سفارتکاروں کو کنٹرول لائن کا دورہ کروایا گیا تھا جس کے دوران مختلف ممالک کے سفیروں اور دفاعی اتاشیوں نے بھارتی جارحیت سے تباہ حال مکانات اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ بعد ازاں سفارتکاروں کی جانب سے ایل او سی کےدورے کی تعریف بھی کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایل او سی کا دورہ بڑے منظم انداز میں ترتیب دیا گیا۔ یورپی یونین سفیر نے کہا ایل او سی تنازعے سے متاثرہ کچھ لوگوں سے بات چیت کا موقع ملا، برطانوی سفارت کار نے ایل او سی پر غیر محفوظ حالات کے باوجود تعلیم کی سہولیات کی مکمل فراہمی کا مشاہدہ بھی کیا۔