لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے بلایا گیا اجلاس مسترد کر دیا، شہباز شریف کہتے ہیں وفاق شفاف اور آزادانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات کی اصلاحات سے متعلق طلب کئے گئے اجلاس کے بارے میں اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کا اختیار نہیں، تحریک انصاف کی حکومت حساس قومی معاملات کو سیاست کی نذر کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد روکنے کی کوشش نہ کرے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی مذکورہ اجلاس میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں۔