لندن/ لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اپنے بھائی کی گرفتاری کے بعد ایک اہم آن لائن اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کے پارٹی کے متعدد رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے صورتحال کے پیش نظر اہم آن لائن اجلاس طلب کر لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران مریم نواز کو احتجاجی تحریک کی قیادت سونپی جانے کا بھی امکان ہے۔ پارٹی کے دیگر معاملات شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال دیکھیں گے۔
اس کے علاوہ نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو فوری پریس کانفرنس کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ مریم نواز ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں 5 بجے پریس کانفرنس کریں گی۔
ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت بھی موجود ہے جس میں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد لیگی رہنماؤں میں اہم مشاورت جاری ہے۔