پاکستان عراق کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وزیر دفاع پرویز خٹک

Published On 30 September,2020 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں عراق کے سفیر حامد عباس لافتا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور مسلح افواج کی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق کی خود مختاری، سیاسی یگانگت اور علاقائی سلامتی کی پرزور حمایت کرتا ہے۔

معزز مہمان نے پاکستان کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کے لئے عراقی عوام اور حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات خصوصاً دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکے۔