نامزد پاکستانی سفیر کی آسٹریا کے صدر سے ملاقات، اسناد سفارت پیش کیں

Published On 30 September,2020 10:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے بدھ کے روز آسٹریا کے صدر ڈاکٹر الیگزینڈر وین در بیلن کو ہوفبرگ پیلس میں ایک باضابطہ تقریب میں اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔

اس موقع پر انہوں نے آسٹریا کے صدر کو صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان باہمی تعلقات میں توسیع اور انہیں مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

آسٹرین صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان خصوصاً قابل تجدید توانائی گرین اکانومی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تغیر کی روک تھام کے لئے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے عزم کی تعریف کی اور آسٹریا کے عالمی سربراہ اجلاس میں ان کے حالیہ آن لائن خطاب کا ذکر کیا۔