نواز شریف کو لندن میں کورونا کا خطرہ، پاکستان تشریف لے آئیں: یاسمین راشد

Published On 01 October,2020 06:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف صحتمند ہوچکے، اب تک لندن سے بیماری کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ سابق وزیراعظم کو لندن میں کورونا کا خطرہ ہے، وہ پاکستان تشریف لے آئیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہم نے پلیٹ لیٹس کا علاج بہت اچھا کیا، جس سے وہ ہشاش بشاش ہو گئے لیکن نواز شریف چاہتے تھے کہ امراض قلب کا علاج وہ اپنے لندن میں معالج سے کرائیں۔ پلیٹ لیٹس بہتر ہونے کے بعد ہی وہ بیرون ملک گئے۔

ان کا کہان تھا کہ نواز شریف جب ہمارے پاس داخل تھے تو یہاں 10 ڈاکٹروں کا بورڈ بنایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق نواز شریف کاعلاج شروع ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے حالات بہت بہتر ہیں، روزانہ 100 سے کم کیسز سامنے آ رہے ہیں جبکہ ڈینگی کے کیسز بھی قدرے کم ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جلسوں کے اعلان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنونی لوگ جون جولائی میں بھی جلسے کر لیتے ہیں، اکتوبر کا مہینہ تو ٹھنڈا ہے، جلسہ کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔