اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے لیگی قائد کی تقریر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیں باتوں میں نہ الجھائیں، صرف دو سوالوں کے جواب دیدیں، اثاثے کیسے بنائے؟ اور پیسے بیرون ملک کیسے لیکر گئے؟
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس ملک کیخلاف تقریریں کر رہے ہیں جہاں سے انہوں نے اربوں روپے بنائے۔ صرف خاندان اور اثاثوں کو بچانے کے لیے تمام اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ شخص ملک کا تین باروزیراعظم رہا لیکن ادارے بنانے کے بجائے انہیں تباہ کیا، ملک کی اکانومی اور پاکستان کے کردار کا ستیاناس کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مہنگے معاہدے کیے جس وجہ سے آج بجلی مہنگی ہے۔ ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کے لیے 23 ارب لگائے گئے۔ ڈالر کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھ کر ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں ایکسپورٹ کم ہوئی جبکہ ایجوکیشن اور صحت پر بھی پیسہ نہیں لگایا گیا کیونکہ وہ تو سارا کچھ اپنے خاندان کے لیے کر رہے تھے۔
لیگی قائد کے خطاب پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج آپ کہتے ہیں مہنگائی ہے لیکن اس کی جڑ تو آپ ہیں۔ آج آپ نیلسن منڈیلا بن کر لندن سے خطاب کر رہے ہیں تاکہ عوام دوبارہ بیوقوف بن جائے۔
الیکشن 2018ء میں دھاندلی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جب الیکشن پر اعتراض ہو تو الیکشن کمیشن میں پیٹشن دائر کی جاتی ہے، نواز شریف نے الیکشن کمیشن میں پیٹشن فائل کیوں نہیں کی؟
انہوں نے بتایا کہ 2018ء کے الیکشن میں 287 پیٹشن میں سے آدھی تو تحریک انصاف کی تھیں۔ ہمیں اعتراض تھا کہ 45 حلقوں سے ہمارے امیدواروں کو جیتنا چاہیے تھا۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی 13، (ن) لیگ کی 11 پیٹشن تھیں۔ یہ کیسے دھاندلی ہوئی؟ یہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس نے آپ کو کہا کہ آپ کا خاندان ہمیشہ اقتدار میں رہے گا؟ نواز شریف بدگمانی کے بجائے حقائق پر بات کریں۔ نواز شریف کے بیک گراؤنڈ کا پتا ہے، خود جمہوریت کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔