وزیر داخلہ سے تھائی لینڈ کے سفیر کی ملاقات، باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال

Published On 02 October,2020 08:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے تھائی لینڈ کے سفیر پورنپوپ یمپیدہایا نے ملاقات کی جس میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے کورونا صورتحال پر قابو پانے پر تھائی سفیر نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی بھی خوش آئند ہے۔

تھائی سفیر نے کورونا کے دوران تھائی طالبعلموں کی ملک واپسی سے متعلق وزارت داخلہ کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان تھائی طالبعلموں میں انتہائی مقبول ہے۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے تھائی لینڈ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہا اور کہا کہ امید کرتے ہیں کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کے سیاحی اور معاشی تعلقات مضبوط ہیں۔

انہوں نے سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ جس حد تک ممکن ہوا تھائی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان میں کورونا صورتحال اب کافی حد تک بہتر ہے۔