توانائی کے مسائل کا حل، وزیراعظم کا جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر زور

Published On 02 October,2020 08:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک کو توانائی کے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تلاش اور پیداوار کے انتظامی نظام پر عملدرآمد سے کم لاگت کے تیل اور گیس کے ذخائر سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس نظام سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور عوام کو تیل اور گیس کی کم قیمت پر فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر اضافی قیمتوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی استعمال کی جائے جس سے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ضیاع بھی کم ہوگا۔

سیکرٹری پٹرولیم نے اس موقع پر اجلاس کو تلاش اور پیداوار کے انتظامی نظام کے بارے میں بتایا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس نظام پر عملدرآمد سے ملک میں تیل اور گیس کی مقامی پیداواری گنجائش بڑھانے میں مدد ملے گی۔