اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔
وفاقی کابینہ سرکاری گاڑیاں وزیراعظم آفس کے ڈسپوزل پر رکھنے کے فیصلے کی منظوری دے گی۔ کابینہ کو پی آئی اے کے منافع اور نقصان سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل چارج کی توسیع کی منظوری دے گی۔
کابینہ کو معاشی اعشاریوں اور پاکستان ریلویز کی بحالی کے ازسر نو پلان پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ملازمین کے پے سٹرکچر میں تبدیلی اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔
اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کے غیر سرکاری ارکان کے نامزدگی کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے سیکرٹری کی تقرری اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ 2020 لاگو کرنے کی تاریخ کی منظوری دے گی۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔