اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گندم اور چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی مناسب مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان گندم اور چینی کے ذخیرے ، مستقبل کی ضروریات کے مطابق درآمد اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی فراہمی میں اضافہ کریں تاکہ اس کی منڈی میں مناسب دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعظم نے درآمدی گندم پاکستان پہنچنے کے شیڈول سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی اور صوبائی چیف سیکرٹریز کو انہوں نے ہدایت کی کہ ملوں میں چینی کے سٹاک کی عملی تصدیق کے انتظامات کریں۔
انہوں نے پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریز کو گنے کے نرخوں اور پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا جلد اعلان کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔