موبائل فون کالز کے ریکارڈ کے آڈٹ کا فیصلہ

Published On 10 October,2020 02:56 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) شہریوں کے موبائل فون کالز کی سی ڈی آرز غلط استعمال کی شکایات سامنے آنے پر آڈٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، آڈٹ ٹیمیں لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کرنے والے افسران کا سراغ لگا ئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی کالز کی سی ڈی آرریکارڈکا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بہت ساری شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بلاوجہ موبائل کاڈیٹا چیک کیا جا رہا ہے جس پر انویسٹی گیشن ونگ کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھرمیں چیکنگ کیلئے خصوصی آڈٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ٹیمیں چیکنگ میں ایس اوپیز کے مطابق دیکھیں گی کہ کیا افسران نے بغیر ایف آئی آر کسی عام شہری کا ریکارڈ تو چیک نہیں کیا۔ سی ڈی آر حاصل کرنے والے انچارج تبادلے کے بعد کوڈ استعمال تو نہیں کر رہے۔

ٹیمیں سی ڈی آرز انچارج کیجانب سے ریکارڈ چیک کرنے کی تفتیش کریں گی کیونکہ لاہور پولیس 1 ماہ میں اوسطاً 12 ہزار افراد کا ریکارڈ نکلواتی ہے۔ چھوٹے شہروں میں 3500 ملزمان اور شہریوں کا کال ریکارڈ چیک کیا جاتا ہے۔ پولیس بغیر ایف آئی آر کسی شہری کا کال ریکارڈ چیک نہیں کرسکتی، آڈٹ ٹیمیں پہلے 6 ماہ کا ریکارڈ چیک کر کے رواں ماہ میں رپورٹ پیش کرینگی۔