کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں فشریز کے پی ٹی بوٹ بلڈنگ یارڈ میں لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے، کے پی ٹی، کے ایم سی اور بحریہ کے فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
رات گئے فشریز پر قائم شپ بلڈنگ یارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی لمحوں میں کئی کشتیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہر طرف صرف دھوئیں کے بادل نظر آرہے تھے۔ شپ بلڈنگ یارڈ پر کام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اطلاع کے باوجود ریسکیو ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ بڑے حصے میں پھیلی۔
شروع ہوتے ہی ریسکیو آپریشن کو پانی کی قلت کے باعث روک دیا گیا، جس کے باعث رات سے صبح تک آگ نے ایک ایک کر کے 8 کشتیوں کو جلا ڈالا، تاہم شدید نوعیت کی آگ پر کے ایم سی، پاکستان نیوی اور پورٹ قاسم کے فائر ٹینڈرز نے 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا، آگ کی وجہ فی الحال سامنے نہ آسکی۔