حکومت سندھ نے محکمہ خوراک کو 16 اکتوبر سے گندم ریلیز کرنے کی ہدایت کردی

Published On 13 October,2020 08:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے محکمہ خوراک کو 16 اکتوبر سے گندم ریلیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیدیا ہے۔

ادھر سندھ کابینہ نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے جزائر کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق گندم کے معاملے پر وفاق کی سندھ حکومت سے شکایت پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے زیر صدارت سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں 16 اکتوبر سے گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گندم کی قیمت 3687.50 فی بیگ بشمول باردانہ مقرر کر دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق مذکورہ فیصلے سے آٹے کی ایکس مل قیمت 9.13 روپے فی کلو ہو جائے گی۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث گندم مہنگی ہوئی۔