کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور، ریمانڈ کی استدعا مسترد، رہا کر دیا گیا

Published On 19 October,2020 04:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کی سٹی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔ ضمناتی مچلکے جمع کرانے کے بعد انھیں رہا کر دیا گیا۔

کراچی سٹی کورٹ کی جانب سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکلا کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا جسے نقد جمع کرایا گیا۔ کیپٹن صفدر کی رہائی سے قبل عدالت میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی وکلا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر مجسٹریٹ نے وکلا کو چیمبر میں طلب کر لیا تھا۔

اپنی رہائی کے بعد میڈٰیا سے گفتگو میں کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کی قیادت میں ریاست کو بچانے نکلے ہیں۔ سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں۔ ایجنسیوں کے پے رول پر شخص کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا۔ چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کے خلاف ارادہ قتل کی درخواست دی ہے لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ مریم نواز شریف نے ایک پریس کانفرنس میں یہ پیشگوئی کر دی تھی کہ ابھی انھیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ میرے شوہر کی ضمانت ہو گئی ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے مریم نواز نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری سے قبل کراچی کے تھانہ بریگیڈ میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف مزارِ قائد کی مبینہ بے حرمتی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وقاص احمد خان نامی شہری کی مدعیت میں درج کیے گئے اس مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز شریف، کیپٹن صفدر اور دیگر افراد نے بانی پاکستان محمد علی جناح کی قبر کی بیحرمتی بھی کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی پہنچنے پر مریم نواز نے مزارِ قائد کا دورہ کیا تھا ، انہوں نے وہاں فاتحہ خوانی کی تھی اس دوران کیپٹن صفدر احاطہ مزار میں نعرے بلند کرتے نظر آئے تھے۔
 

Advertisement