اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں صنعتی عمل کی بحالی خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے کہا کہ ملک میں صنعتی عمل کی بحالی خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو سہولیات کی فراہمی سے سے نہ صرف معاشی عمل میں تیزی آئے گی بلکہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع اور دولت کی پیداوار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار اور صنعتی عمل کے فروغ کے حوالے سے حکومتی کوششوں اور پالیسیوں کے نتیجے میں کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک میں کورونا کی صورتحال اور سندھ خصوصاً کراچی میں بارش سے ہونے والے نقصانات کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی سرپرستی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔