اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے صدر مملکت عارف علوی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہ کیا گیا تو ان کیخلاف مواخذے کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔
تفصیل کے مطابق پیپلز پارٹی نے صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ اگر صدر مستعفیٰ نہ ہوئے تو ان کا مواخذہ کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ آئینی اداروں کو جان بوجھ کر مفلوج کیا جا رہا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے بعد صدر مملکت کو مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔
سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جزائر پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ سندھ ہائی کورٹ جزائر کو صوبوں کی ملکیت قرار دے چکا ہے۔