اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے قومی سلامتی سے متعلق متنازعہ بیان پر اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف درخواست شہری سیّد جنید حسین شاہ نے جمع کرائی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما ایاز صادق کے متنازعہ بیان سے قوم کی دل آزاری ہوئی، اس بیان کے ذریعے پاکستان کی ساکھ کوعالمی سطح پرنقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں پر تنقید کے ذریعے دشمن ملک کو خوش کرنے کی کوشش کی گئی، ایسے ملک دشمن کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے، ایاز صادق کو سخت سے سخت سزا دے کر آئندہ کیلئے نشان عبرت بنایا جائے، ایاز صادق کیخلاف پہلے تھانہ سہالہ میں بھی اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرائی جاچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایاز صادق کے بیان کا معاملہ: لاہور کے تھانہ سول لائنز میں اندراج مقدمہ کیلئے درخواست
اس سے قبل سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کیخلاف تھانہ سول لائنز لاہور میں غداری کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں بھارتی فوج کے حق میں بیان دیا جبکہ پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، ایاز صادق کی تقریر سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا ہے جوکہ غداری کے زمرے میں آتا ہے لہذا ایاز صادق کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ایس ایس پی جمیل ظفر کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہوئی ہے، افسران کی احکامات کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔
ادھر حکومت نے ایاز صادق کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ شبلی فراز نے کہا لیگی رہنما کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا، ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے، اس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔