اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں چودھری پرویز الہیٰ کیخلاف کرپشن کیس کی تحقیقات بند کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 7 کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ کیخلاف کرپشن کیس کی تحقیقات بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر شیر زمان خان، محمد نعیم بلوچ اور عبدالحمید مینگل سمیت دیگر کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے 6 انوسٹی گیشنز کی بھی منظوری دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈی ایچ او نوشہرہ ارشد خان، ڈاکٹر طارق خان اور دیگر کیخلاف ریفرنس جبکہ سردار عاشق حسین خان، سیکرٹری یوٹیلائزیشن آفتاب احمد خان اور سابق قائم مقام آئی جی سندھ غلام شبیر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو ایگزیکٹو بورڈ نے تین انکوائریز کی منظوری دی۔ عبداللہ وینس، سی او او الکبیر ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ اور آئی جی پنجاب کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارے کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں ہے۔ نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں۔ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔