کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کا کراچی میں صفائی مہم کا اعلان دھرا کا دھرا رہ گیا۔ چینی کمپنی کی خراب کارکردگی کے باعث ضلع شرقی کے پوش علاقوں تک کچرے کے ڈھیر لگنے سے تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
حکومتی صفائی مہم کے اعلانات پر بھی سندھ سالڈ ویسٹ منجمنٹ بورڈ اور چینی کمپنی کی کاکردگی میں کوئی بہتری نہ آسکی۔ پی ای سی ایچ ایس، بہادر آباد، طارق روڈ، دھورا جی اور محمد علی سوسائٹی سمیت مختلف پوش علاقوں تک میں معمول کا کچرا تک نہ اٹھنے پر شہری شکوہ گو نظر آتے ہیں۔
معمول کا کچرا نہ اٹھنے کے باعث گندگی سے جہاں تعفن و بیماریاں پھیل رہی ہیں، وہی شہری کچرا چنے والے افراد کی جانب سے کچرا پھیلانے کی بھی شکایات کرتے نظر آتے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے 20 اکتوبر سے شہر کے تمام اضلاع میں بیک وقت صفائی مہم کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد سے شہری اقدامات کی راہ تک رہے ہیں۔
ضلع شرقی کے پوش علاقوں میں گندگی کے باعث مچھروں و مکھیوں کی بھی بہتات ہوتی جا رہی ہے، مگر صفائی ستھرائی کی طرح فیومیگیشن کے اقدامات پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔